پٹنہ، 26؍جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بہار کے مشہور ٹاپر گھوٹالہ میں آرٹس اسٹریم کی متنازعہ ٹاپر روبی رائے کی گرفتاری کی مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا نے مخالفت کی ہے۔فروغ انسانی وسائل کے وزیر مملکت اوپیندر کشواہا نے متنازعہ ٹاپرروبی رائے کی گرفتاری کو غیر مناسب قرار دیاہے ۔روبی رائے کو ہفتہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔روبی رائے ہفتہ کو بورڈ کی جانب سے منعقد ری ایگزام میں شامل ہونے آئی تھی۔اس سے پہلے بھی اس کو کئی بار نوٹس دے کر بلایا گیا تھا لیکن وہ امتحان دینے نہیں آئی تھی۔اس سے پہلے 3؍جون کو منعقد ری ایگزام سے بھی وہ صحت کی وجوہات کی وجہ سے غیر حاضر رہی تھی۔روبی اور دیگر چاروں ٹاپروں کے خلاف گرفتاری کے لیے وارنٹ بھی جاری کئے گئے تھے،اسی کی وجہ سے ہفتہ کو امتحان دینے کے بعد روبی کو ایس آئی ٹی نے بورڈ آفس سے باہر آتے ہی گرفتار کر لیا۔غور طلب ہے کہ ٹاپرس کی سمجھ اور معلوما ت کو لے کرنیوزچینل ’آج تک‘کے خلاصہ کے بعد ایگزام کمیٹی نے تمام 14ٹاپرس کو 3 ؍جون کو انٹرویو اور تحریری امتحان کے لیے بورڈ کے دفتر بلایا تھا۔اس میں آرٹس ٹاپر روبی رائے کو چھوڑ کر تمام 13ٹاپر پہنچے تھے۔روبی نے طبیعت خراب ہونے کا حوالہ دے کر درخواست دی تھی اور انٹرویو سے مہلت مانگ کی تھی۔